اَمثال 12:1-28
12 جو تربیت سے پیار کرتا ہے، وہ علم سے پیار کرتا ہےلیکن جو اِصلاح سے نفرت کرتا ہے، وہ بےعقل ہے۔
2 اچھے شخص کو یہوواہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہےلیکن بُرے منصوبے باندھنے والے شخص کو وہ رد کرتا ہے۔
3 کوئی بھی شخص بُرائی کر کے قائم نہیں رہ سکتالیکن نیک لوگوں کو کبھی اُکھاڑا نہیں جائے گا۔
4 ایک اچھی بیوی اپنے شوہر کے سر کا تاج ہوتی ہےلیکن جو بیوی اُسے شرمندہ کراتی ہے، وہ اُس کی ہڈیوں کو گلا دیتی ہے۔
5 نیک شخص کے خیال صحیح ہوتے ہیںلیکن بُرے شخص کے مشورے دھوکے سے بھرے ہوتے ہیں۔
6 بُرے شخص کی باتیں جانلیوا پھندا ہوتی ہیں*لیکن سیدھی راہ پر چلنے والے لوگوں کی باتیں اُنہیں بچا لیتی ہیں۔
7 جب بُرے لوگوں کو گِرایا جاتا ہے تو وہ مٹ جاتے ہیںلیکن نیک شخص کا گھر کھڑا رہتا ہے۔
8 سمجھداری سے بولنے والے کی تعریف کی جاتی ہےلیکن جس کے دل میں کھوٹ ہے، اُس سے حقارت بھرا سلوک کِیا جاتا ہے۔
9 ایک معمولی شخص جس کے پاس نوکر ہو،اُس شیخیباز شخص سے بہتر ہے جو روٹی کے لیے ترستا ہو۔
10 نیک شخص اپنے مویشیوں کا* خیال رکھتا ہےلیکن بُرے لوگوں کی رحمدلی بھی بےرحمی ہے۔
11 جو اپنی زمین پر کھیتیباڑی کرتا ہے، وہ پیٹ بھر کر کھانا کھائے گالیکن جو بےکار چیزوں کے پیچھے بھاگتا ہے، اُس میں سمجھ کی کمی ہے۔
12 بُرا شخص دوسرے بُرے لوگوں کی لُوٹ سے جلتا ہےلیکن نیک شخص مضبوط جڑوں والے درخت کی طرح پھل دیتا ہے۔
13 بُرا شخص اپنی ہی بُری باتوں کے جال میں پھنس جاتا ہےلیکن نیک شخص مصیبت سے بچ جاتا ہے۔
14 اِنسان کو اُس کی اچھی باتوں* کا اچھا صلہ ملتا ہےاور اُسے اپنے ہاتھوں کی محنت کا اجر ملتا ہے۔
15 بےوقوف شخص کی روِش اُس کی نظر میں صحیح ہوتی ہےلیکن دانشمند شخص نصیحت* کو قبول کرتا ہے۔
16 بےوقوف شخص فوراً* اپنا غصہ ظاہر کر دیتا ہےلیکن سمجھدار شخص بےعزتی کو نظرانداز کر دیتا ہے۔*
17 وفادار گواہ سچ* بولتا ہےلیکن جھوٹے گواہ کی باتوں میں دھوکا ہوتا ہے۔
18 بِلاسوچے سمجھے کہی گئی باتیں تلوار کی طرح چھیدتی ہیںلیکن دانشمند کی باتوں سے شفا ملتی ہے۔
19 سچی زبان ہمیشہ قائم رہے گیلیکن جھوٹی زبان صرف پَل بھر ہی ٹکے گی۔
20 سازشیں گھڑنے والوں کے دل میں کھوٹ ہوتا ہےلیکن صلح* کو فروغ دینے والوں* کو خوشی ملتی ہے۔
21 نیک شخص پر کوئی آنچ نہیں آئے گیلیکن بُرے لوگ مصیبتوں میں گِھر جائیں گے۔
22 جھوٹی زبان سے یہوواہ گِھن کھاتا ہےلیکن وفاداری کی راہ پر چلنے والوں سے وہ خوش ہوتا ہے۔
23 سمجھدار شخص اُن باتوں کو چھپاتا ہے جو وہ جانتا ہےلیکن بےوقوف شخص کا دل اُس کی بےوقوفی کو اُگل دیتا ہے۔
24 محنتی شخص کے ہاتھ حکمرانی کریں گےلیکن سُست ہاتھوں سے زبردستی محنتمشقت کروائی جائے گی۔
25 اِنسان کا دل فکروں کے بوجھ سے دب جاتا ہےلیکن اچھی بات سے کِھل اُٹھتا ہے۔
26 نیک شخص اچھی چراگاہیں ڈھونڈتا ہےلیکن بُرے لوگوں کی راہ اُنہیں بھٹکا دیتی ہے۔
27 سُست شخص شکار کے پیچھے نہیں بھاگتالیکن محنت ایک شخص کا قیمتی خزانہ ہے۔
28 نیکی کی راہ زندگی کی طرف لے جاتی ہے؛اِس کے راستے میں موت نہیں ہے۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”خون کرنے کی تاک میں ہوتی ہیں“
^ لفظی ترجمہ: ”مویشیوں کی جانوں کا“
^ لفظی ترجمہ: ”اُس کے مُنہ کے پھل“
^ یا ”ہدایت“
^ یا ”اُسی دن“
^ لفظی ترجمہ: ”پر پردہ ڈال دیتا ہے۔“
^ لفظی ترجمہ: ”نیکی کی باتیں“
^ یا ”امن“
^ لفظی ترجمہ: ”کا مشورہ دینے والوں“