زبور 58:1-11
-
زمین کا اِنصاف کرنے والا خدا
-
بُرے لوگوں کو سزا دینے کی درخواست (6-8)
-
موسیقار کے لیے۔ اِس گیت کو ”مجھے برباد نہ ہونے دے“ کی دُھن پر گایا جائے۔ داؤد کا مِکتام۔*
58 اِنسان کے بیٹو! کیا تُم چپ رہ کر نیکی کے بارے میں بات کر سکتے ہو؟
کیا تُم سچا اِنصاف کر سکتے ہو؟
2 تُم تو اپنے دل میں بُرائی گھڑتے ہواور اپنے ہاتھوں سے ملک میں ظلم پھیلاتے ہو۔
3 بُرے لوگ ماں کے پیٹ سے ہی صحیح راہ سے بھٹک* جاتے ہیں؛وہ پیدائش سے ہی غلط راہ پر چل پڑتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں۔
4 وہ اپنے مُنہ سے سانپ کی طرح زہر اُگلتے ہیں؛وہ اُس ناگ کی طرح بہرے ہیں جو اپنے کان بند کر لیتا ہے
5 اور سپیرے* کی آواز نہیں سنتاپھر چاہے وہ کتنی ہی مہارت سے منتر پڑھے۔
6 اَے خدا! اُن کے دانت توڑ دے!
اَے یہوواہ! اُن شیروں* کے جبڑے توڑ دے!
7 وہ ایسے غائب ہو جائیں جیسے پانی بہہ کر غائب ہو جاتا ہے۔
خدا اپنی کمان تانے اور اُنہیں اپنے تیروں سے ڈھیر کر دے۔
8 وہ گھونگے کی طرح ہو جائیں جو رینگتے رینگتے پگھل جاتا ہے؛وہ اُس بچے کی طرح ہو جائیں جو مُردہ پیدا ہوتا ہے اور کبھی سورج کی روشنی نہیں دیکھتا۔
9 اِس سے پہلے کہ تمہارے دیگچوں کو کانٹےدار جھاڑیوں کا سینک لگے،خدا ہری اور جلتی لکڑیوں کو ایسے اُڑا لے جائے گا جیسے آندھی اُڑا لے جاتی ہے۔
10 نیک شخص یہ دیکھ کر خوش ہوگا کہ بُرے شخص سے بدلہ لے لیا گیا ہے؛اُس کے پاؤں بُرے لوگوں کے خون سے لتپت ہو جائیں گے۔
11 تب لوگ کہیں گے: ”بےشک نیک شخص کو اجر ملتا ہے۔
بےشک خدا موجود ہے جو دُنیا کا اِنصاف کرتا ہے۔“
فٹ نوٹس
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”پیٹ سے ہی بگڑ“
^ یا ”منتر پڑھنے والے“
^ یا ”جوان ببر شیروں“