زبور 60:1-12
موسیقار کے لیے۔ اِس گیت کو ”یاددہانی کے سوسن“* کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا مِکتام۔* سکھانے کے لیے۔ یہ گیت اُس وقت کا ہے جب داؤد اَرامنحرائیم اور اَرامضوباہ سے لڑے اور یوآب نے لوٹ کر وادیِشور میں 12 ہزار ادومیوں کو مار ڈالا۔
60 اَے خدا! تُو نے ہمیں ٹھکرا دیا؛ تُو نے ہماری جنگی صفیں توڑ دیں۔
تُو ہم سے ناراض ہو گیا لیکن اب ہمیں دوبارہ قبول کر لے!
2 تُو نے زمین کو ہلا دیا اور اِسے چیر دیا۔
اِس کی دراڑیں بھر دے کیونکہ یہ گِرنے والی ہے۔
3 تُو نے اپنے بندوں پر مصیبتیں آنے دیں۔
تُو نے ہمیں مے پلائی جس سے ہم ڈگمگانے لگے۔
4 جو تیرا خوف رکھتے ہیں، اُنہیں اِشارہ دے*کہ وہ بھاگ جائیں اور تیر سے بچ جائیں۔ (سِلاہ)
5 اپنے دائیں ہاتھ سے ہمیں بچا اور ہمیں جواب دےتاکہ تیرے پیارے بندے بچ سکیں۔
6 پاک* خدا نے فرمایا ہے:
”مَیں خوشی مناتے ہوئے سِکم کو وراثت کے طور پر دوں گااور وادیِسُکات کو ناپ کر تقسیم کروں گا۔
7 جِلعاد میرا ہے اور منسّی بھی میرا ہے؛اِفرائیم میرا ہیلمٹ* ہے؛یہوداہ میری حکمرانی کی لاٹھی ہے۔
8 موآب میرا مُنہ ہاتھ دھونے کا برتن ہے۔
ادوم پر مَیں اپنا جُوتا پھینکوں گا۔
فِلسطیہ کو ہرا کر مَیں جیت کے نعرے ماروں گا۔“
9 کون مجھے دُشمنوں سے گِھرے* شہر میں لے جائے گا؟
کون مجھے دُور ادوم تک لے جائے گا؟
10 اَے خدا! تُو ہی ہمیں وہاں تک لے جائے گا۔مگر تُو نے تو ہمیں ٹھکرا دیا ہے۔
اَے ہمارے خدا! تُو اب ہماری فوجوں کے ساتھ نہیں جاتا۔
11 مصیبت میں ہماری مدد کرکیونکہ اِنسانوں سے نجات کی اُمید لگانا بےکار ہے۔
12 خدا ہمیں طاقت بخشے گا؛وہ ہمارے مخالفوں کو روند ڈالے گا۔
فٹ نوٹس
^ شاید یہ کوئی تاردار ساز، موسیقی کا کوئی انداز یا کوئی دُھن تھی۔
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا شاید ”اُنہیں تُو نے اِشارہ دیا ہے“
^ یا شاید ”اپنی مُقدس جگہ میں“
^ لفظی ترجمہ: ”سر کا قلعہ“
^ یا شاید ”فصیلدار“