زبور 65‏:1‏-‏13

  • خدا زمین کی دیکھ‌بھال کرتا ہے

    • ‏”‏اَے دُعا کے سننے والے!‏“‏ ‏(‏2‏)‏

    • ‏”‏وہ شخص خوش رہتا ہے جسے تُو چُنتا ہے“‏ ‏(‏4‏)‏

    • خدا کی بے‌شمار برکتیں ‏(‏11‏)‏

موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔ ایک گیت۔‏ 65  اَے خدا!‏ صِیّون میں تیری بڑائی ہوگی؛‏ہم اپنی وہ منتیں پوری کریں گے جو ہم نے تیرے حضور مانی ہیں۔‏  2  اَے دُعا کے سننے والے!‏ ہر طرح کے لوگ تیرے پاس آئیں گے۔‏  3  مَیں اپنی غلطیوں کے بوجھ تلے دب گیا ہوںلیکن تُو ہمارے گُناہ معاف کر دیتا ہے۔‏*  4  وہ شخص خوش رہتا ہے جسے تُو چُنتا ہے اور اپنے قریب لاتا ہےتاکہ وہ تیرے گھر کے صحنوں میں بسے۔‏ ہم تیرے گھر کی، ہاں، تیری مُقدس ہیکل*‏ کی اچھی چیزوں سے خوش ہوں گے۔‏  5  ہمیں نجات دِلانے والے خدا!‏ تُو ہماری دُعاؤں کے جواب میں نیک اور حیرت‌انگیز کام کرے گا؛‏زمین کے کونے کونے میں رہنے والے لوگ تجھ پر بھروسا کرتے ہیںاور وہ بھی جو دُور سمندر پار رہتے ہیں۔‏  6  تُو نے اپنی طاقت کے ذریعے پہاڑوں کو مضبوطی سے قائم کِیا ہے؛‏تُو نے قوت کا لباس پہنا ہوا ہے۔‏  7  تُو طوفانی سمندروں کو اور ٹھاٹھیں مارتی موجوں کو پُرسکون کرتا ہےاور قوموں میں مچی ہلچل کو بھی۔‏  8  دُوردراز علاقوں کے باشندے تیرے حیرت‌انگیز کام دیکھ کر دنگ رہ جائیں گے؛‏مشرق سے مغرب تک رہنے والے لوگ تیری وجہ سے خوشی سے للکاریں گے۔‏  9  تُو زمین کی دیکھ‌بھال کرتا ہے؛‏تُو اِسے خوب پھل‌دار اور نہایت زرخیز بناتا ہے۔‏ تُو ندیوں کو پانی سے بھر دیتا ہے؛‏تُو نے زمین کو اِس طرح تیار کِیا ہےکہ اِنسانوں کو اناج دے سکے۔‏ 10  تُو اِس کی کیاریوں میں پانی بھرتا ہے اور جُتی ہوئی زمین*‏ کو ہموار کرتا ہے؛‏تُو بارش برسا کر مٹی کو نرم کرتا ہے اور اِس کی پیداوار میں برکت ڈالتا ہے۔‏ 11  تُو پورے سال کو برکتوں*‏ کا تاج پہناتا ہے؛‏تیری ہر راہ پر خوش‌حالی ہی خوش‌حالی ہے۔‏* 12  ویرانے کی چراگاہوں میں خوب ہریالی ہے؛‏پہاڑیوں نے خوشی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔‏ 13  چراگاہوں میں ہر طرف بھیڑبکریاں پھیلی ہوئی ہیں؛‏وادیوں میں لہلہاتی فصلوں کا قالین بچھا ہوا ہے۔‏ وہ جیت کے نعرے مارتے ہیں، ہاں، گیت گاتے ہیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏ڈھانک دیتا ہے۔“‏
یا ”‏تیرے مُقدس مقام“‏
یا ”‏ڈھیلوں“‏
یا ”‏اچھائی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏سے چربی ٹپکتی ہے۔“‏