کیا ہمارا پیغام شبنم کی طرح ہے؟
ہمارا مُنادی کا کام بہت اہم اور فائدہمند ہے۔ لیکن سب لوگ ہمارا پیغام نہیں سنتے۔ کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ہمارے پیغام میں دلچسپی تو لیتے ہیں لیکن ہمارے ساتھ بائبل کورس کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔
مثال کے طور پر گیون ہمارے اِجلاسوں پر آتے تھے لیکن وہ بائبل کورس نہیں کرنا چاہتے تھے۔ وہ کہتے ہیں: ”پاک کلام کے بارے میں میرا علم نہ ہونے کے برابر تھا اور مَیں اِس بات کو دوسروں کے سامنے لا کر شرمندہ نہیں ہونا چاہتا تھا۔ اِس کے علاوہ مَیں بائبل کورس کرنے کا وعدہ نہیں کرنا چاہتا تھا کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ مَیں اِسے پورا نہیں کر پاؤں گا۔ مجھے یہ بھی ڈر تھا کہ کہیں کوئی مجھے گمراہ نہ کر لے۔“ کیا گیون کبھی بائبل کورس کرنے پر راضی ہوئے؟ جی ہاں۔ بِلاشُبہ بائبل کی تعلیمات ایک شخص کے دل پر بڑا گہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔ یہوواہ خدا نے بنیاِسرائیل سے کہا: ”میری بات شبنم کی طرح زمین پر پڑ جائے۔ وہ بارش کی مانند ہو جو ہریالی پر برستی ہے۔“ (اِست 31:19، 30؛ 32:2، اُردو جیو ورشن) اِس مضمون میں ہم شبنم یا اوس کی کچھ خصوصیات پر غور کریں گے جن سے ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم ہر طرح کے لوگوں کو بائبل کا پیغام بہتر طور پر سنانے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔—1-تیم 2:3، 4۔
مُنادی کا کام—شبنم کی مانند
شبنم کے قطرے نرم و ملائم ہوتے ہیں۔ شبنم کے قطرے ہوا میں موجود آبی بخارات سے مل کر بنتے ہیں۔ یہوواہ خدا کی باتوں کو اِس لیے ”شبنم کی مانند“ کہا گیا ہے کیونکہ اُس نے اپنے بندوں سے نرمی، مہربانی اور محبت سے بات کی۔ جب ہم دوسروں کی رائے کا احترام کرتے ہیں تو ہم یہوواہ خدا کی نقل کرتے ہیں۔ ہم لوگوں کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ وہ خود فیصلہ کریں اور کسی نتیجے پر پہنچیں۔ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو لوگ زیادہ خوشی سے ہمارے پیغام کو قبول کرتے ہیں اور ہماری باتیں اُن کے دل پر اثر کرتی ہیں۔
شبنم کے قطرے تازگی بخشتے ہیں۔ جب ہم خدا کے کلام میں دوسروں کی دلچسپی بڑھانے کے مختلف طریقوں پر غور کرتے ہیں تو ہمارا پیغام اُن کے لیے تازگیبخش ثابت ہوتا ہے۔ گیون کو سب سے پہلے کِرس نے بائبل کورس کرنے کی پیشکش کی۔ لیکن کِرس نے اُنہیں مجبور نہیں کِیا۔ اِس کے برعکس اُنہوں نے اِس بات پر غور کِیا کہ وہ گیون کے ساتھ پاک کلام کے بارے میں باتچیت کرنے کے لیے کون سے طریقے اپنا سکتے ہیں۔ اُنہوں نے گیون کو بتایا کہ بائبل میں ایک بہت اہم پیغام دیا گیا ہے اور جب وہ اِس پیغام کے بارے میں جانیں گے تو وہ ہمارے اِجلاسوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ اِس کے بعد کِرس نے گیون کو یہ بتایا کہ جب اُنہوں نے بائبل کی پیشگوئیوں پر غور کِیا تھا تو وہ سمجھ گئے تھے کہ بائبل واقعی ایک سچی کتاب ہے۔ اگلی کچھ ملاقاتوں کے دوران اُن دونوں نے بہت سی ایسی پیشگوئیوں پر بات کی جو پوری ہو چکی ہیں۔ گیون اِن باتوں سے تازہدم ہو گئے اور بائبل کورس کرنے کے لیے تیار ہو گئے۔
شبنم کے قطرے زندگی بخشتے ہیں۔ ملک اِسرائیل میں موسم زیادہتر گرم اور خشک رہتا ہے اور کئی کئی مہینوں تک بارش نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں شبنم کے قطرے پودوں کو نمی پہنچاتے ہیں۔ اگر ایسا نہ ہو تو پودے مُرجھا جاتے ہیں اور سُوکھ کر بالکل ختم ہو جاتے ہیں۔ بائبل میں پیشگوئی کی گئی کہ ہمارے زمانے میں ’یہوواہ کا کلام سننے کا قحط ہوگا۔‘ (عامو 8:11) اور یہ بات بالکل سچ ثابت ہو رہی ہے۔ لیکن یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا کہ پاک روح سے مسحشُدہ مسیحی ”[یہوواہ] کی طرف سے اوس“ ثابت ہوں گے کیونکہ وہ دوسروں کو بادشاہت کا پیغام دیں گے۔ اِس کام میں مسیح کی ”اَور بھی بھیڑیں“ مسحشُدہ مسیحیوں کی مدد کر رہی ہیں۔ (میک 5:7؛ یوح 10:16) بادشاہت کی خوشخبری کے ذریعے یہوواہ خدا اُن لوگوں کو زندگی حاصل کرنے کا موقع دے رہا ہے جو سچائی کے پیاسے ہیں۔ کیا ہم اِس پیغام کی قدر کرتے ہیں؟
شبنم کے قطرے یہوواہ خدا کی نعمت ہیں۔ (اِست 33:13) ہمارا پیغام اُن لوگوں کے لیے ایک نعمت ہے جو اِسے قبول کرتے ہیں۔ گیون کے لیے بھی یہ ایک نعمت ثابت ہوا۔ بائبل کورس کے ذریعے اُنہیں اپنے تمام سوالوں کے جواب مل گئے۔ جلد ہی اُنہوں نے روحانی طور پر ترقی کی اور بپتسمہ لے لیا۔ آج وہ اپنی بیوی جوئس کے ساتھ مل کر مُنادی کے کام میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔
مُنادی کے کام کی قدر کریں
جب ہم شبنم کے قطروں پر غور کرتے ہیں تو ہمیں یہ ترغیب ملتی ہے کہ ہم مُنادی کے کام میں بھرپور حصہ لیں۔ شبنم کے ایک قطرے سے زیادہ فائدہ نہیں ہوتا لیکن جب شبنم کے لاکھوں قطرے مل جاتے ہیں تو وہ زمین کو تروتازہ کرتے ہیں۔ شاید ہمیں لگے کہ ہم اکیلے مُنادی کے کام میں کچھ زیادہ نہیں کر رہے۔ لیکن ذرا سوچیں کہ پوری دُنیا میں یہوواہ کے بندے مل کر بادشاہت کا پیغام پھیلانے کے لیے جو کوششیں کر رہے ہیں، اُن کا کیا نتیجہ نکل رہا ہے۔ اِن کوششوں کی وجہ سے ”سب قوموں کو گواہی“ مل رہی ہے۔ (متی 24:14) کیا ہمارا پیغام دوسروں کے لیے یہوواہ کی نعمت ثابت ہوتا ہے؟ ایسا اُسی وقت ہوگا جب ہمارا پیغام شبنم کے قطروں کی طرح نرم و ملائم، تازگیبخش اور زندگیبخش ہوگا۔