مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ایک افریقی بازار کی سیر

ایک افریقی بازار کی سیر

ایک افریقی بازار کی سیر

اگر کسی مُلک کی ثقافت،‏ اُس کے رسم‌ورواج اور کھانوں کے بارے میں جاننا ہو تو وہاں کے بازار دیکھیں۔‏ وہاں آپ مقامی لوگوں کو دیکھ سکتے ہیں،‏ اُن کے کھانے چکھ سکتے ہیں اور اُن سے طرح‌طرح کی چیزیں خرید سکتے ہیں۔‏ وہاں آپ کو ایسے آدمی بھی ملیں گے جو اپنی چیزیں بیچنے کے لئے آپ سے بات کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے چاہے آپ اُن کی زبان جانتے ہوں یا نہیں۔‏

افریقہ کے بازاروں میں بڑی رونق ہوتی ہے۔‏ وہاں ہر طرح کے لوگ اور ہر قسم کی چیزیں ملتی ہیں۔‏ بازار کی سیر کرتے ہوئے آپ افریقہ کی چہل‌پہل دیکھ سکتے ہیں۔‏ آئیں میرے ساتھ مُلک کیمرون کے شہر ڈوالا کے ایک بازار کی سیر کریں۔‏

بازار پہنچنے کے مختلف طریقے

افریقہ کے بہت سارے شہروں میں بازار پہنچنے کے لئے سب سے سستا اور تیز طریقہ موٹرسائیکل ہے۔‏ تقریباً ہر گلی کے کونے میں آپ کو موٹرسائیکل والے ملیں گے۔‏ اگر آپ میں ہمت ہے تو آپ اِس پر سواری کر سکتے ہیں۔‏ کیمرون میں یہ سواری بہت عام ہے کیونکہ اِس سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے۔‏

اِس کے علاوہ آپ ٹیکسی میں بھی سفر کر سکتے ہیں۔‏ عموماً ایسا ہوتا ہے کہ کئی مسافر اِس میں بیٹھتے ہیں اور کرایہ آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔‏

رنگ‌برنگے سٹال

اگر آپ پہلی بار افریقہ کے ایک بازار میں آئے ہیں تو آپ لوگوں کے ہجوم اور اتنے سارے سٹال دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔‏ لوگ ٹوکریاں سر پر اُٹھائے ہوئے نظر آ رہے ہیں جن میں مُرغیاں،‏ مالٹے،‏ مختلف طرح کی دوائیاں اور بہت سی دوسری چیزیں ہیں۔‏

لکڑی کے تختوں پر بہت ساری سبزیاں لگی ہوئی ہیں،‏ مثلاً بندگوبھی،‏ گاجر،‏ کھیرا،‏ بینگن،‏ حلوہ‌کدو،‏ پھلیاں،‏ شکرقندی،‏ ٹماٹر،‏ اروی اور سلاد کے پتے وغیرہ۔‏ دوسرے ملکوں سے آئے ہوئے لوگوں کے لئے شاید اِن میں سے کچھ چیزیں نئی ہوں۔‏ کچھ سٹال پر لال اور پیلی مرچیں بک رہی ہیں جو اپنے شوخ رنگوں کی وجہ سے بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔‏ ایووکاڈو (‏مگرناشپاتی)‏،‏ کیلوں،‏ چکوتروں،‏ خربوزوں،‏ انناسوں،‏ مالٹوں اور لیموں کے بھی سٹال ہیں۔‏ اِن پھلوں کو دیکھ کر منہ میں پانی آتا ہے اور یہ بہت سستے بھی ہیں۔‏ یہاں اروی،‏ کساوا (‏ایک قسم کی جڑ)‏ اور چاول بھی ملتے ہیں جو کیمرون کی خاص پیداوار ہیں۔‏ کچھ سٹال پر لہسن اور پیاز بک رہے ہیں جو باہر سے منگوائے جاتے ہیں۔‏

ڈوالا شہر کے ایک بازار میں چیزیں بیچنے والے زیادہ‌تر لوگ ہاؤسا اور فولا قبیلوں سے تعلق رکھتے ہیں۔‏ اُنہوں نے نیلے،‏ سفید اور زرد رنگ کے چوغے پہنے ہوتے ہیں جنہیں گنڈورا یا بوبو کہتے ہیں۔‏ سٹال والے جلدی سے گاہکوں کے ساتھ دوستی کر لیتے ہیں۔‏ ایک سٹال والا مجھے تحفے میں تین بڑے پیاز دیتا ہے اور کہتا ہے کہ ”‏اپنی بیوی سے کہنا کہ اِس میں مسالے اور چاول بھر کر ہلکی آنچ پر پکائے۔‏“‏

تھوڑا سا آگے چل کر دیکھیں گوشت بیچا جا رہا ہے۔‏ کچھ آدمی ذبح کئے ہوئے جانوروں کو اُٹھا کر میز پر رکھ رہے ہیں۔‏ قصائی بڑے خطرناک انداز میں بڑی‌بڑی چھریاں اُٹھائے گاہکوں کو اُن کی پسند کا ٹکڑا کاٹ کر دے رہے ہیں۔‏ یہاں زندہ بکریاں اور مُرغیاں وغیرہ بھی ملتی ہیں۔‏

چاپ‌ہاؤس کے مزیدار کھانے

ہر بازار میں کھانے کے سٹال تو ضرور ہوتے ہیں۔‏ کیمرون میں اِن کو چاپ‌ہاؤس کہتے ہیں۔‏ کچھ سٹال والے اونچی آواز میں میوزک لگاتے ہیں تاکہ لوگ اُن کے سٹال پر آئیں۔‏ جبکہ کچھ سٹال ایسے بھی ہیں جہاں آپ پُرسکون ماحول میں افریقہ کے مقامی کھانے کھا سکتے ہیں اور لوگوں سے بھی مل سکتے ہیں۔‏ عام طور پر ایک بلیک‌بورڈ پر لکھا ہوتا ہے کہ سٹال پر کونسے کھانے مل سکتے ہیں۔‏ شاید آپ مقامی کھانوں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے لیکن مَیں آپ کو اِن کے بارے میں کچھ بتاتا ہوں۔‏

یہاں کے دو عام کھانے چاول اور فوفو ہیں۔‏ فوفو کو کساوا،‏ کچے کیلے اور اروی کو میش کرکے بنایا جاتا ہے۔‏ یہاں آپ کو مچھلی،‏ بڑا گوشت اور چکن بھی ملے گا جسے بھنڈی،‏ مونگ‌پھلی کے پیسٹ اور ٹماٹر کی چٹنی کے ساتھ پیش کِیا جاتا ہے۔‏ یہاں کھانا کھانے کے ساتھ‌ساتھ آپ آرام سے بیٹھ کر باتیں بھی کر سکتے ہیں۔‏

دو لڑکیاں ہمیں کھانا دینے کے لئے آتی ہیں۔‏ ایک نے بڑا سا ٹرے پکڑا ہوا ہے جس میں چاول،‏ پھلیاں اور فوفو ہے۔‏ اِس کے ساتھ بھنڈی کی چٹنی،‏ گوشت اور مچھلی کے کباب بھی ہیں۔‏ جو لوگ زیادہ مرچیں کھانا پسند کرتے ہیں اُن کے لئے ایک برتن میں لال مرچوں کی چٹنی بھی ہے۔‏ دوسری لڑکی ایک برتن میں پانی اور تولیہ لاتی ہے تاکہ ہم اپنے ہاتھ دھو سکیں۔‏ یہ بہت ضروری ہے کیونکہ یہاں کھانا ہاتھ سے کھایا جاتا ہے۔‏ بہت سے لوگ کھانے سے پہلے دُعا کرتے ہیں اور کبھی‌کبھار ساتھ والی میز پر بیٹھے لوگ بھی اُن کے ساتھ دُعا کے آخر میں ”‏آمین“‏ کہتے ہیں۔‏

بازار میں خوشخبری

بازار ہمیشہ سے ایک ایسی جگہ رہے ہیں جہاں آپ مختلف لوگوں سے مل سکتے ہیں۔‏ یہاں لوگ خریدوفروخت کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کو خبریں سناتے ہیں،‏ دوستوں سے ملتے ہیں یہاں تک کہ نوکری بھی ڈھونڈنے آتے ہیں۔‏ خدا کے کلام میں بیان کِیا گیا ہے کہ یسوع مسیح بازاروں میں لوگوں کو خدا کے بارے میں سکھاتا اور بیماروں کو شفا بخشتا تھا۔‏ پولس رسول بھی ”‏اُن سے جو بازار میں ملتے تھے“‏ خدا کے کلام کے بارے میں بات کرتا تھا۔‏ (‏مرقس ۶:‏۵۶؛‏ اعمال ۱۷:‏۱۶،‏ ۱۷‏،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏ آجکل یہوواہ کے گواہ بھی بڑی کامیابی سے کیمرون کے بازاروں میں خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سناتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۲۴ پر تصویر]‏

رنگ‌برنگی مرچیں