وہ کتابِمُقدس کی مدد سے آزمائش پر غالب آیا
وہ کتابِمُقدس کی مدد سے آزمائش پر غالب آیا
آجکل کی بُری دُنیا میں ہمیں بہت سی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر، بائبل نصیحت کرتی ہے کہ ”حرامکاری سے بھاگو۔“ بعضاوقات اِس نصیحت پر عمل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔—۱-کرنتھیوں ۶:۱۸۔
یہوواہ کا ایک گواہ، جسکو ہم سباسچین کا نام دینگے، پولینڈ میں ایک کمپنی کیلئے کام کرتا تھا۔ اپنی ملازمت کی وجہ سے اُسے اپنے ضمیر کو صاف رکھنے کیلئے بہت کوشش کرنی پڑی۔
سباسچین کے ساتھی کارکُن جانتے تھے کہ وہ یہوواہ کا ایک گواہ ہے۔ اُسکے سُپروائزر اُسکی محنت اور اُسکے اچھے کردار کی قدر کرتے تھے۔ اسلئے اُسے اضافی ذمہداریاں سونپی گئیں۔ لیکن اِن نئی ذمہداریوں میں یہ بھی شامل تھا کہ اُسے ایسی کانفرنسوں پر حاضر ہونا پڑتا تھا جہاں قابلِاعتراض تفریح پیش کی جاتی تھی۔
سباسچین سوچ میں پڑ گیا۔ ”میرا سُپروائزر جانتا ہے کہ مَیں یہوواہ کا ایک گواہ ہوں اسی لئے تو وہ مجھ پر بھروسا کرتا ہے۔ اگر مَیں اِن کانفرنسوں پر جانے سے انکار کر دُونگا تو یہ نوکری میرے ہاتھ سے نکل جائیگی جو مجھے بڑی مشکل سے ملی ہے۔ کیا مَیں بُری تفریح میں شامل ہوئے بغیر بھی ان کانفرنسوں پر حاضر ہو سکتا ہوں؟“
پھر سباسچین کو پتہ چلا کہ اُسکی ذمہداریوں میں کچھ اَور بھی شامل ہے۔ اُسے بیرونی ممالک سے آنے والے کاروباری حضرات کیلئے لڑکیوں کا اِنتظام کرنا تھا۔
یہ جان کر سباسچین نے اپنے سُپروائزر کو بتایا کہ وہ بداخلاقی کے بارے میں بائبل کا نظریہ رکھتا ہے جو ان باتوں کی نفی کرتا ہے۔ جلد ہی اُسکو احساس ہو گیا کہ یہ ملازمت اُس کیلئے ٹھیک نہیں۔ وہ جانتا تھا کہ آج نہیں تو کل اُسے یہ نوکری چھوڑنی پڑیگی۔ سباسچین نے ایک نئی نوکری ڈھونڈ لی۔ اب اُسے پیسے تو کم ملتے ہیں لیکن اُسے ایسی آزمائشوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ اب سباسچین کا ضمیر بالکل صاف ہے۔
اگر کوئی آپکو بداخلاقی میں شریک ہونے یا اسے نظرانداز کرنے پر مجبور کرتا ہے تو آپ کیا کرینگے؟ کیا آپ خود کو ایسی آزمائشوں سے دُور رکھینگے؟ پیدایش ۳۹:۷-۱۲ میں ہمیں بتایا جاتا ہے کہ یوسف نے ایسا ہی کِیا تھا۔