مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

رِبقہ نے یہوواہ خدا کی بات مانی

رِبقہ نے یہوواہ خدا کی بات مانی

اپنے بچوں کے ساتھ مل کر پڑھیں

رِبقہ نے یہوواہ خدا کی بات مانی

رِبقہ!‏ کیا آپ نے کبھی یہ نام سنا ہے؟‏—‏ * رِبقہ کا ذکر ہمیں ایک مشہور کتاب میں ملتا ہے۔‏ یہ کتاب بائبل ہے جوکہ پوری دُنیا میں پڑھی جاتی ہے۔‏ آپ رِبقہ کے متعلق کیا جانتے ہیں؟‏—‏ہمارے لئے رِبقہ کی مثال پر غور کرنا ضروری ہے کیونکہ اِس سے ہمیں یہوواہ خدا کی خدمت کرنے میں مدد ملے گی۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ بائبل میں خدا کی عبادت کرنے والی عورتوں میں سب سے پہلے کس کا نام آتا ہے؟‏—‏یہ ابرہام کی بیوی سارہ تھی۔‏ یہوواہ خدا نے سارہ کو بڑھاپے میں ایک بیٹا بخشا جس کا نام اضحاق رکھا گیا تھا۔‏ سارہ کے بعد بائبل رِبقہ کا ذکر کرتی ہے جوکہ سچے خدا یہوواہ کی عبادت کرتی تھی۔‏ آئیں یہ دیکھیں کہ رِبقہ کی ملاقات ابرہام کے بیٹے اضحاق سے کیسے ہوئی اور اُس نے یہوواہ خدا کی بات کیسے مانی۔‏

یہوواہ خدا نے ابرہام اور سارہ کو حکم دیا کہ وہ حاران کا علاقہ چھوڑ کر کنعان کے ملک میں چلے جائیں۔‏ اُنہیں کنعان میں آئے ہوئے ۶۰ سال ہو چکے تھے اور ابرہام اور سارہ بہت بوڑھے ہو گئے تھے۔‏ لیکن یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا کہ وہ اُنہیں ایک بیٹا بخشے گا جس کا نام اضحاق رکھا جائے گا۔‏ اضحاق اُن کا اِکلوتا بیٹا تھا اِس لئے وہ اُس سے بہت پیار کرتے تھے۔‏ جب سارہ نے ۱۲۷ سال کی عمر میں وفات پائی تو اضحاق جوان ہو چکا تھا۔‏ مگر وہ اپنی ماں کی موت کی وجہ سے بہت غمگین تھا۔‏ ابرہام اپنے بیٹے کی شادی کسی بھی کنعانی لڑکی سے نہیں کرنا چاہتا تھا کیونکہ وہ یہوواہ کی عبادت نہیں کرتی تھیں۔‏ پس ابرہام نے اپنے نوکر الیعزر کو کوئی ۸۰۰ کلومیٹر (‏۵۰۰ میل)‏ دُور حاران کے علاقے میں بھیجا تاکہ وہ ابرہام کے رشتہ‌داروں میں سے اضحاق کے لئے ایک بیوی چن کر لائے۔‏—‏پیدایش ۱۲:‏۴،‏ ۵؛‏ ۱۵:‏۲؛‏ ۱۷:‏۱۷،‏ ۱۹؛‏ ۲۳:‏۱‏۔‏

کچھ عرصہ بعد الیعزر اور اُس کے ساتھی دس اُونٹوں پر بہت سارے سامان اور دُلہن کے لئے تحفوں کے ساتھ حاران پہنچتے ہیں۔‏ وہ ایک کنویں کے پاس آکر ٹھہر جاتے ہیں۔‏ کیونکہ الیعزر جانتا ہے کہ شام کے وقت لوگ یہاں اپنے خاندان اور جانوروں کے لئے پانی بھرنے آتے ہیں۔‏ الیعزر خدا سے دُعا کرتا ہے کہ جس لڑکی سے مَیں کہوں کہ مجھے ذرا پانی پلا دے اور وہ کہے کہ ”‏لے پی اور مَیں تیرے اُونٹوں کو بھی پلا دوں گی“‏ تو اُسی لڑکی سے اضحاق کی شادی ہو گی۔‏

بالکل ایسا ہی ہوتا ہے!‏ ایک ”‏نہایت خوبصورت“‏ لڑکی رِبقہ کنویں پر آتی ہے۔‏ جب الیعزر اُسے پانی پلانے کی درخواست کرتا ہے تو وہ کہتی ہے:‏ ”‏مَیں تیرے اُونٹوں کے لئے بھی پانی بھربھر لاؤں گی۔‏“‏ وہ پانی بھرنے کے لئے باربار کنویں پر جاتی ہے جبکہ الیعزر اُسے ”‏غور سے“‏ دیکھتا رہتا ہے۔‏ ذرا سوچیں کہ دس پیاسے اُونٹوں کو پانی پلانے کے لئے اُسے کتنا پانی بھرنا پڑا ہوگا!‏ تقریباً ۱۰۰۰ لیٹر۔‏

الیعزر اُسے قیمتی تحفے دیتا ہے۔‏ اُسے پتہ چلتا ہے کہ رِبقہ ابرہام کے رشتہ‌دار بیتوایل کی بیٹی ہے۔‏ رِبقہ الیعزر سے کہتی ہے کہ وہ اور اُس کے ساتھی اُن کے گھر پر رات ٹھہر سکتے ہیں۔‏ اِس کے بعد وہ دوڑ کر اپنے گھر والوں کو یہ خبر دیتی ہے کہ کنعان کے ملک سے ابرہام نے کچھ لوگوں کو اُن سے ملنے کے لئے بھیجا ہے۔‏

جب رِبقہ کے بھائی لابن کو پتہ چلتا ہے کہ الیعزر کون ہے اور اُس نے اُس کی بہن کو قیمتی تحفے بھی دئے ہیں تو وہ اُسے اپنے گھر لے آتا ہے۔‏ لیکن الیعزر کہتا ہے کہ ’‏وہ اُس وقت تک کچھ نہیں کھائے گا جب تک اپنا مطلب بیان نہ کر لے۔‏‘‏ لہٰذا،‏ وہ بتاتا ہے کہ ابرہام نے اُسے کس لئے بھیجا ہے۔‏ بیتوایل،‏ اُس کی بیوی اور لابن بہت خوش ہوتے ہیں اور اضحاق کے ساتھ رِبقہ کی شادی کرنے پر راضی ہو جاتے ہیں۔‏

پس کھانا کھانے کے بعد الیعزر اور اُس کے ساتھی اُنہی کے گھر رات ٹھہرتے ہیں۔‏ اگلی صبح الیعزر اُن سے کہتا ہے:‏ ”‏مجھے میرے آقا کے پاس روانہ کر دو۔‏“‏ مگر رِبقہ کی ماں اور بھائی یہ چاہتے ہیں کہ وہ سب ”‏کم سے کم دس روز“‏ اُن کے پاس ٹھہریں۔‏ جب رِبقہ سے یہ پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ ابھی اُن کے ساتھ جانا چاہتی ہے تو وہ جواب دیتی ہے کہ مَیں ”‏جاؤں گی۔‏“‏ پس وہ الیعزر کے ساتھ کنعان روانہ ہو جاتی ہے۔‏ وہاں پہنچ کر اضحاق کے ساتھ اُس کی شادی ہو جاتی ہے۔‏—‏پیدایش ۲۴:‏۱-‏۵۸،‏ ۶۷‏۔‏

آپ کے خیال میں کیا رِبقہ کے لئے اپنے خاندان اور سہیلیوں کو چھوڑ کر دُور چلے جانا آسان تھا؟‏—‏واقعی یہ اُس کے لئے آسان نہیں تھا۔‏ اگرچہ رِبقہ کو معلوم تھا کہ وہ اُن سے پھر کبھی نہیں مل سکے گی پھربھی اُس نے یہوواہ خدا کی بات مانی۔‏ یہوواہ نے بھی اُسے برکت بخشی کہ اُس کی نسل سے ہمارا نجات دینے والا خداوند یسوع مسیح پیدا ہوا۔‏ رِبقہ کے لئے یہ بڑی عزت کی بات تھی۔‏ اُس کی طرح اگر ہم بھی یہوواہ خدا کی بات مانتے ہیں تو یقیناً ہمیں بھی بہت سی برکات حاصل ہوں گی۔‏—‏رومیوں ۹:‏۷-‏۱۰‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 اگر آپ اِس مضمون کو کسی بچے کے ساتھ پڑھ رہے ہیں تو پیراگراف میں دئے گئے اِس نشان پر تھوڑا رُکیں اور بچے کی حوصلہ‌افزائی کریں کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کرے۔‏

سوالات:‏

▪ رِبقہ کون تھی اور الیعزر کے ساتھ اُس کی ملاقات کہاں پر ہوئی؟‏

▪ ابرہام کیوں یہ نہیں چاہتا تھا کہ اضحاق کی شادی کسی کنعانی لڑکی سے ہو؟‏

▪ رِبقہ نے یہ کیسے ظاہر کِیا کہ وہ ایک اچھی بیوی ثابت ہوگی؟‏

▪ ہم رِبقہ کی طرح کیسے بن سکتے ہیں؟‏