سبق 4
اِفتاح کی بیٹی کا مشکل فیصلہ
کیا آپ کو تصویر میں ایک چھوٹی لڑکی نظر آ رہی ہے؟— یہ اِفتاح کی بیٹی ہے۔ بائبل میں اِس لڑکی کا نام نہیں بتایا گیا۔ لیکن بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ اِس لڑکی نے اپنے ابو اور یہوواہ خدا کو خوش کِیا۔ آئیں، اِس لڑکی اور اِس کے ابو کے بارے میں کہانی پڑھتے ہیں۔
اِفتاح ایک بہت اچھے آدمی تھے۔ اُنہوں نے اپنی بیٹی کو یہوواہ خدا کے بارے میں بہت اچھیاچھی باتیں سکھائی تھیں۔ اِفتاح بہت بہادر تھے۔ اِس لیے بنیاِسرائیل نے اُن کو اپنا سردار بنا لیا اور اُن سے کہا کہ ”آپ ہمارے دُشمنوں سے جنگ کریں۔“
اِفتاح جنگ جیتنا چاہتے تھے۔ اِس لیے اُنہوں نے خدا سے دُعا کی۔ اُنہوں نے یہوواہ خدا سے وعدہ کِیا کہ ”اگر مَیں جنگ جیت گیا تو جو شخص سب سے پہلے میرے گھر سے نکل کر مجھ سے ملنے آئے گا، مَیں اُسے تجھے دے دوں گا۔“ اِس کا مطلب تھا کہ جو شخص اِفتاح سے سب سے پہلے ملے
گا، وہ ساری زندگی خیمۂاِجتماع میں یہوواہ خدا کی خدمت کرے گا۔ خیمۂاِجتماع وہ جگہ تھی جہاں بنیاِسرائیل یہوواہ خدا کی عبادت کرتے تھے۔ یہوواہ خدا نے اِفتاح کی مدد کی اور اِفتاح جنگ جیت گئے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ جب اِفتاح گھر گئے تو سب سے پہلے کون اُن سے ملنے آیا؟—اُن کی بیٹی! اِفتاح کا کوئی اَور بچہ نہیں تھا۔ اور اب اُنہیں اپنی بیٹی کو بہت دُور بھیجنا تھا۔ اِس وجہ سے اِفتاح بہت دُکھی تھے۔ لیکن اُنہوں نے یہوواہ خدا سے وعدہ کِیا تھا۔ اِس لیے اُن کی بیٹی نے اُن سے کہا: ”ابو، آپ نے یہوواہ خدا سے وعدہ کِیا ہے۔ آپ اِسے ضرور پورا کریں۔“
اِفتاح کی بیٹی بھی بہت دُکھی تھی۔ خیمۂاِجتماع جا کر وہ شادی نہیں کر سکتی تھی اور اِس وجہ سے اُس کے بچے نہیں ہو سکتے تھے۔ لیکن وہ یہوواہ خدا کو خوش کرنا چاہتی تھی اور یہ چاہتی تھی کہ اُس کے ابو اپنا وعدہ پورا کریں۔ اِفتاح کی بیٹی کے لیے یہ باتیں سب سے زیادہ اہم تھیں۔ اِس لیے وہ اپنے ابو کو چھوڑ کر خیمۂاِجتماع چلی گئی اور وہاں ساری زندگی یہوواہ خدا کی خدمت کی۔
کیا ایسا کرنے سے اِفتاح کی بیٹی نے اپنے ابو کو اور یہوواہ خدا کو خوش کِیا؟— جی۔ اگر آپ بھی اپنے امیابو کا کہنا مانیں گے اور یہوواہ خدا سے پیار کریں گے تو آپ اِفتاح کی بیٹی کی طرح بن سکتے ہیں۔ اِس طرح آپ بھی اپنے امیابو اور یہوواہ خدا کو خوش کر سکتے ہیں۔
اپنی بائبل میں اِن آیتوں کو پڑھیں:
-
استثنا 6:4-6
-
قضاۃ 11:30-40