سبق 6
داؤد کی بہادری
جب آپ کو ڈر لگتا ہے تو آپ کیا کرتے ہیں؟— شاید آپ جلدی سے بھاگ کر اپنی امی یا ابو کے پاس چلے جاتے ہیں۔ لیکن کوئی اَور بھی ہے جو آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ وہ سب سے زیادہ طاقتور ہے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ وہ کون ہے؟— یہ یہوواہ خدا ہے۔ آئیں، ایک لڑکے کی کہانی پڑھتے ہیں جسے پتہ تھا کہ یہوواہ خدا ہمیشہ اُس کی مدد کرے گا۔ اِس لیے وہ کسی سے نہیں ڈرتا تھا۔ اُس لڑکے کا نام داؤد تھا۔
جب داؤد ننھے بچے تھے تو اُن کے امیابو نے اُن کو یہوواہ خدا کے بارے میں سکھایا اور یوں وہ یہوواہ خدا سے پیار کرنے لگے۔ داؤد کو پتہ تھا کہ یہوواہ خدا اُن کا دوست ہے اور وہ اُن کی مدد کرے گا۔ اِس لیے داؤد کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔ ایک دفعہ داؤد اپنی کچھ بھیڑوں کا دھیان رکھ رہے تھے۔ اچانک وہاں ایک ببر شیر آ گیا۔ وہ ایک بھیڑ کو اُٹھا کر لے گیا۔ جب داؤد نے یہ دیکھا تو پتہ ہے اُنہوں نے کیا کِیا؟ وہ شیر کے پیچھے بھاگے اور اُسے مار ڈالا۔ پھر ایک دفعہ ایک ریچھ نے داؤد کی ایک بھیڑ پر حملہ کر دیا۔ داؤد نے اُس ریچھ کو بھی مار ڈالا۔ لیکن ببر شیر اور ریچھ کو مارنے میں کس نے داؤد کی مدد کی؟— یہوواہ خدا نے۔
ایک اَور بار بھی داؤد نے بڑی بہادری کا کام کِیا۔ اُس وقت بنیاِسرائیل، فلستیوں سے جنگ کر رہے تھے۔ فلستیوں کا ایک فوجی تھا جس کا نام جولیت تھا۔ وہ بہت لمبا اور طاقتور تھا۔ وہ یہوواہ خدا اور اِسرائیلی فوجیوں کا بہت مذاق اُڑا رہا تھا۔ اُس نے اِسرائیلی فوجیوں سے کہا: ”اگر ہمت ہے تو مجھ سے آ کر لڑو!“ لیکن سب اِسرائیلی فوجی اُس سے ڈرتے تھے۔ کوئی بھی اُس سے لڑنا نہیں چاہتا تھا۔ لیکن جب داؤد کو یہ بات پتہ چلی تو اُنہوں نے جولیت سے کہا: ”مَیں تُم سے لڑوں گا۔ یہوواہ خدا میری مدد کرے گا اور مَیں تمہیں ہرا دوں گا۔“ داؤد بہت بہادر تھے نا؟— وہ کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔ پتہ ہے پھر کیا ہوا؟
داؤد نے اپنی فلاخن لی اور پانچ چکنے پتھر لیے۔ پھر وہ جولیت سے لڑنے گئے۔ جب جولیت نے دیکھا کہ داؤد کتنے چھوٹے ہیں تو وہ داؤد کا مذاق اُڑانے لگا۔ لیکن داؤد نے جولیت سے کہا: ”تُم تلوار لے کر مجھ سے لڑنے آئے ہو لیکن مَیں یہوواہ خدا کا نام لے کر تُم سے لڑنے آیا ہوں۔“ پھر داؤد نے اپنی فلاخن میں ایک پتھر ڈالا اور جولیت کی طرف بھاگے۔ اُنہوں نے پتھر کو زور سے جولیت کی طرف پھینکا۔ پتھر سیدھا
جولیت کے ماتھے پر لگا۔ جولیت زمین پر گِر گیا اور مر گیا۔ یہ دیکھ کر فلستی ڈر گئے اور وہاں سے بھاگ گئے۔ داؤد تو چھوٹے تھے، پھر وہ اِتنے طاقتور آدمی کو کیسے مار سکتے تھے؟— یہوواہ خدا نے داؤد کی مدد کی تھی اور خدا جولیت سے بہت زیادہ طاقتور تھا۔آپ نے داؤد کی کہانی سے کیا سیکھا؟— یہوواہ خدا سب سے طاقتور ہے۔ وہ آپ کا دوست ہے۔ اِس لیے جب اگلی بار آپ کو ڈر لگے تو یاد رکھیں کہ یہوواہ خدا آپ کی مدد کرے گا۔ اِس طرح آپ بہادر بن جائیں گے۔