مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق3

راحب کا ایمان

راحب کا ایمان

بہت سال پہلے کی بات ہے۔‏ ایک شہر ہوا کرتا تھا جس کا نام یریحو تھا۔‏ یہ شہر ملک کنعان میں تھا اور اِس ملک کے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے۔‏ شہر یریحو میں ایک عورت رہتی تھی جس کا نام راحب تھا۔‏

جب راحب چھوٹی تھیں تو اُنہوں نے بنی‌اِسرائیل اور یہوواہ خدا کے بارے میں بہت سی باتیں سنی تھیں۔‏ اُنہوں نے سنا تھا کہ موسیٰ نبی نے بنی‌اِسرائیل کو مصر سے آزاد کرایا تھا اور سمندر کے دو حصے کر دیے تھے۔‏ اُنہوں نے یہ بھی سنا تھا کہ بنی‌اِسرائیل یہوواہ خدا کی مدد سے دُشمنوں سے جیت گئے تھے۔‏ اب راحب بڑی ہو گئی  تھیں۔‏  اُنہیں  پتہ  چلا  کہ  بنی‌اِسرائیل،‏ شہر یریحو کے نزدیک ٹھہرے ہوئے ہیں۔‏

راحب نے جاسوسوں کی مدد اِس لیے کی کیونکہ وہ یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔‏

ایک شام دو اِسرائیلی آدمی شہر یریحو میں جاسوسی کرنے آئے۔‏  وہ راحب کے گھر گئے۔‏ راحب نے اُن کو اپنے گھر میں چھپا دیا۔‏ جب رات ہوئی تو شہر یریحو کے بادشاہ کو پتہ چلا کہ اُن کے شہر میں جاسوس آئے ہیں اور وہ راحب کے گھر پر ہیں۔‏ بادشاہ نے اپنے سپاہیوں کو بھیجا تاکہ وہ اِن جاسوسوں کو پکڑ لیں۔‏ جب سپاہی راحب کے گھر آئے تو راحب نے جاسوسوں کو چھت پر چھپا دیا اور سپاہیوں سے کہا:‏ ”‏میرے گھر پر وہ جاسوس آئے تھے لیکن وہ شہر سے چلے گئے ہیں۔‏ اگر آپ جلدی سے اُن کا پیچھا کریں تو آپ اُنہیں پکڑ سکتے ہیں۔‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ راحب نے اِن جاسوسوں کی مدد کیوں کی؟‏—‏ کیونکہ راحب یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔‏ اُنہیں پتہ تھا کہ یہوواہ خدا بنی‌اِسرائیل کو ملک کنعان دے دے گا۔‏

جب جاسوس راحب کے گھر سے جا رہے تھے تو اُنہوں نے راحب سے ایک وعدہ کِیا۔‏ اُنہوں نے راحب سے کہا کہ ”‏جب ہم شہر یریحو پر حملہ کریں گے تو ہم آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو نہیں ماریں گے۔‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ جاسوسوں نے راحب سے کیا کرنے کو کہا؟‏—‏ اُنہوں نے راحب سے کہا:‏ ”‏آپ ایک لال رسی کو اپنی کھڑکی سے باہر لٹکا دیں۔‏ جب ہم اِس شہر پر حملہ کریں گے تو ہم اِس رسی کو دیکھ کر آپ کے گھر کو چھوڑ دیں گے اور جو لوگ آپ کے گھر پر ہوں گے،‏ اُن کو نہیں ماریں گے۔‏“‏ راحب نے جاسوسوں کی بات مانی۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ پھر کیا ہوا؟‏—‏

راحب نے جاسوسوں کی مدد اِس لیے کی کیونکہ وہ یہوواہ خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔‏

کچھ دنوں کے بعد بنی‌اِسرائیل شہر یریحو کے چاروں طرف چکر  لگانے لگے۔‏ وہ چھ دن تک ہر روز ایک چکر لگاتے تھے۔‏ لیکن ساتویں دن اُنہوں نے سات بار شہر کے چاروں طرف چکر لگایا۔‏ پھر وہ سب مل کر زور سے چلّائے۔‏ اِس پر یہوواہ خدا نے شہر کی دیواروں کو گِرا دیا۔‏ لیکن جس گھر کی کھڑکی سے لال رسی لٹک رہی تھی،‏ اُس گھر کی دیواریں نہیں گِریں۔‏ کیا آپ کو تصویر میں یہ گھر اور لال رسی نظر آ رہی ہے؟‏—‏ اِس گھر میں راحب اور اُن کے رشتےدار تھے اور وہ سب بچ گئے۔‏

آپ نے راحب سے کیا سیکھا؟‏—‏ راحب نے یہوواہ خدا کے  بارے میں بہت سی اچھی باتیں سنی تھیں اور اِس لیے وہ یہوواہ خدا پر ایمان  رکھتی تھیں۔‏ آپ بھی یہوواہ خدا کے بارے میں بہت اچھی باتیں سیکھ رہے ہیں۔‏ کیا آپ راحب کی طرح یہوواہ خدا پر ایمان رکھتے ہیں؟‏—‏ شاباش،‏ یہ بہت اچھی بات ہے!‏

اپنی بائبل میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏