حصہ 5
نوح کے زمانے میں کس نے خدا کی بات سنی؟
نوح کے زمانے میں زیادہتر لوگ بُرے تھے۔ پیدایش 6:5
آدم اور حوا کے بچے پیدا ہوئے اور زمین پر آبادی بڑھتی گئی۔ پھر کچھ فرشتے شیطان کے ساتھ مل گئے اور اُس کی طرح بُرے بن گئے۔
وہ فرشتے زمین پر آئے۔ اُنہوں نے انسانی جسم اپنا لئے تاکہ وہ عورتوں سے شادی کر سکیں۔ اِن عورتوں سے ایسے بچے پیدا ہوئے جو بہت طاقتور تھے اور دوسروں پر ظلم کرتے تھے۔
زمین بُرے لوگوں سے بھر گئی۔ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ زمین پر انسان کی بُرائی بہت بڑھ گئی اور لوگ ہر وقت بُرائی کا سوچتے تھے۔
پیدایش 6:13، 14، 18، 19، 22
نوح نے خدا کی بات مانی اور ایک کشتی بنائی۔نوح نیک آدمی تھے۔ یہوواہ خدا نے اُن کو بتایا کہ ایک بڑا طوفان آئے گا اور سب بُرے لوگ اِس میں مر جائیں گے۔
خدا نے نوح کو حکم دیا کہ وہ ایک بڑی کشتی بنائیں اور اپنے گھر والوں کو اور ہر قسم کے جانوروں کو اِس میں لے جائیں۔
نوح نے لوگوں کو خبردار کِیا کہ طوفان آنے والا ہے۔ لیکن لوگوں نے اُن کی بات نہیں سنی۔ کچھ لوگوں نے اُن کا مذاق اُڑایا اور کچھ لوگ اُن سے نفرت کرنے لگے۔
جب کشتی بن گئی تو نوح جانوروں کو کشتی کے اندر لے گئے۔