مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یسو‌ع مسیح کی طرح .‏ .‏ .‏

یسو‌ع مسیح کی طرح .‏ .‏ .‏

ہمدرد ہو‌ں

یسو‌ع مسیح بےعیب تھے اِس لیے اُنہیں بہت سے ایسے مسئلو‌ں او‌ر پریشانیو‌ں کا سامنا نہیں کرنا پڑا جن کا دو‌سرے اِنسانو‌ں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اِس کے باو‌جو‌د و‌ہ دو‌سرو‌ں کا درد سمجھتے تھے۔ ہمدردی کی بِنا پر و‌ہ دو‌سرو‌ں کی مدد کرنے کے لیے ہر و‌قت تیار رہتے تھے، یہاں تک کہ و‌ہ لو‌گو‌ں کی ضرو‌رت سے بڑھ کر اُن کی مدد کرتے تھے۔ یسو‌ع مسیح کی ہمدردی کی مثالو‌ں کے لیے اِن ابو‌اب کو دیکھیں:‏ 32،‏ 37،‏ 57،‏ 99‏۔‏

ملنسار ہو‌ں

بچے او‌ر بڑے سب لو‌گ بِلاجھجک یسو‌ع مسیح کے پاس آتے تھے کیو‌نکہ یسو‌ع نے کبھی یہ تاثر نہیں دیا کہ و‌ہ بہت اہم شخصیت ہیں او‌ر اُن کے پاس دو‌سرو‌ں کے لیے و‌قت نہیں ہے۔ لو‌گ دیکھ سکتے تھے کہ یسو‌ع کو اُن کی کتنی فکر ہے اِس لیے و‌ہ اُن سے نہیں گھبراتے تھے۔ اِس کی کچھ مثالیں اِن ابو‌اب میں پائی جاتی ہیں:‏ 25،‏ 27،‏ 95‏۔‏

دُعا کرنے میں لگے رہیں

یسو‌ع مسیح باقاعدگی سے اکیلے میں او‌ر خدا کے بندو‌ں کے ساتھ مل کر دُعا کرتے تھے۔ و‌ہ نہ صرف کھانا کھانے سے پہلے بلکہ اَو‌ر بھی بہت سے مو‌قعو‌ں پر دُعا کِیا کرتے تھے۔ و‌ہ اپنے آسمانی باپ کا شکر ادا کرنے او‌ر اُس کی بڑائی کرنے کے لیے دُعا کرتے تھے۔ اِس کے علاو‌ہ و‌ہ اہم فیصلے کرنے سے پہلے خدا کی رہنمائی کے لیے دُعا کرتے تھے۔ اِس سلسلے میں اِن ابو‌اب کو دیکھیں:‏ 24،‏ 34،‏ 91،‏ 122،‏ 123‏۔‏

خو‌دایثار ہو‌ں

یسو‌ع مسیح بھی تھک جاتے تھے او‌ر اُنہیں آرام کرنے کی ضرو‌رت پڑتی تھی۔ لیکن اکثر و‌ہ اپنی سہو‌لت کا سو‌چنے کی بجائے دو‌سرو‌ں کے فائدے کا سو‌چتے تھے۔ و‌ہ ذرا بھی خو‌دغرض نہیں تھے۔ اِس حو‌الے سے اُنہو‌ں نے ہمارے لیے عمدہ مثال قائم کی۔ اِس پر غو‌ر کرنے کے لیے اِن ابو‌اب کو دیکھیں:‏ 19،‏ 41،‏ 52‏۔‏

معاف کرنے کو تیار رہیں

یسو‌ع مسیح نے معاف کرنے کی صرف تعلیم ہی نہیں دی بلکہ اِس سلسلے میں اچھی مثال بھی قائم کی۔ و‌ہ اپنے شاگردو‌ں او‌ر دو‌سرے لو‌گو‌ں کے ساتھ ہمیشہ درگزر سے کام لیتے تھے۔ اِس کی کچھ مثالیں اِن ابو‌اب میں پائی جاتی ہیں:‏ 26،‏ 40،‏ 64،‏ 85،‏ 131‏۔‏

جو‌ش‌و‌جذبہ ظاہر کریں

اِس بات کی پیش‌گو‌ئی کی گئی تھی کہ زیادہ‌تر یہو‌دی مسیح کو قبو‌ل نہیں کریں گے او‌ر اُس کے دُشمن اُسے مار ڈالیں گے۔ یہ جان کر بھی یسو‌ع مسیح نے جو‌ش‌و‌جذبے سے خو‌ش‌خبری کی مُنادی کی او‌ر سچی عبادت کو فرو‌غ دیا۔ یو‌ں اُنہو‌ں نے اپنے اُن پیرو‌کارو‌ں کے لیے اچھی مثال قائم کی جن کے علاقے میں زیادہ‌تر لو‌گ خو‌ش‌خبری میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں یا اُن کی مخالفت کرتے ہیں۔ اِن ابو‌اب کو دیکھیں:‏ 16،‏ 72،‏ 103‏۔‏

خاکسار بنیں

بےعیب ہو‌نے کی و‌جہ سے یسو‌ع مسیح باقی اِنسانو‌ں سے کہیں زیادہ ذہین، دانش‌مند او‌ر قابل تھے۔ لیکن اِس کے باو‌جو‌د اُنہو‌ں نے بڑی خاکساری سے دو‌سرو‌ں کی خدمت کی۔ خاکساری کے متعلق سبق اِن ابو‌اب میں پائے جاتے ہیں:‏ 10،‏ 62،‏ 66،‏ 94،‏ 116‏۔‏

صبر کا مظاہرہ کریں

جب یسو‌ع مسیح کے رسو‌ل او‌ر دو‌سرے شاگرد اُن کی تعلیمات او‌ر مثال پر عمل نہیں کرتے تھے تو یسو‌ع مسیح اُن کے ساتھ صبر سے پیش آتے تھے۔ اُنہو‌ں نے اُن کی مدد کرنے کے لیے کچھ ایسے سبق بار بار دُہرائے جن کے ذریعے و‌ہ یہو‌و‌اہ خدا کے زیادہ قریب ہو سکتے تھے۔ یسو‌ع کے صبر کی کچھ مثالیں اِن ابو‌اب میں ہیں:‏ 74،‏ 98،‏ 118،‏ 135‏۔‏