کیا اِبلیس کو خدا نے بنایا ہے؟
پاک کلام کا جواب
بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ خدا نے اِبلیس کو نہیں بنایا۔ دراصل خدا نے تو اُس ہستی کو بنایا تھا جو بعد میں اِبلیس بن گئی۔ بائبل میں خدا کے بارے میں لکھا ہے: ”اُس کی صنعت کامل ہے کیونکہ اُس کی سب راہیں اِنصاف کی ہیں۔ وہ وفادار خدا اور بدی سے مبرا ہے۔ وہ منصف اور برحق ہے۔“ (اِستثنا 32:3-5) اِن الفاظ سے ہم یہ نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ ایک وقت تھا جب شیطان اِبلیس خدا کا ایک نیک اور وفادار فرشتہ تھا۔
یسوع مسیح نے کہا کہ اِبلیس ”سچائی پر قائم نہیں رہا۔“ (یوحنا 8:44) اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی وقت میں شیطان سچا فرشتہ تھا اور اُس میں کوئی عیب نہیں تھا۔
خدا نے تمام فرشتوں اور اِنسانوں کو یہ فیصلہ کرنے کی آزادی دی ہے کہ وہ اچھی راہ اِختیار کریں یا بُری۔ جو فرشتہ شیطان بن گیا، اُس نے خدا کے خلاف بغاوت کی اور پہلے اِنسان، آدم اور حوا کو بھی بغاوت کرنے پر اُکسایا۔ ایسا کرنے سے وہ شیطان بن گیا۔ لفظ شیطان کا مطلب مخالف ہے۔—پیدایش 3:1-5؛ مکاشفہ 12:9۔