کیا یہوواہ کے گواہ مسیحی ہیں؟
جی ہاں، ہم مسیحی ہیں۔ ہم ایسا کیوں کہتے ہیں؟
ہم یسوع مسیح کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اُن کی مثال پر چلنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔—1-پطرس 2:21۔
ہمارا ایمان ہے کہ اِنسانوں کو صرف یسوع مسیح کے ذریعے ہی نجات مل سکتی ہے کیونکہ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”آسمان کے تلے آدمیوں کو کوئی دوسرا نام نہیں بخشا گیا جس کے وسیلہ سے ہم نجات پا سکیں۔“—اعمال 4:12۔
جب لوگ یہوواہ کے گواہ بنتے ہیں تو اُنہیں یسوع مسیح کے نام سے بپتسمہ دیا جاتا ہے۔—متی 28:18، 19۔
ہم یسوع مسیح کے وسیلے سے یہوواہ خدا سے دُعا کرتے ہیں۔—یوحنا 15:16۔
ہم مانتے ہیں کہ یسوع مسیح تمام اِنسانوں کے سربراہ ہیں یعنی سب اِنسانوں پر اِختیار رکھتے ہیں۔—1-کُرنتھیوں 11:3۔
حالانکہ ہم مسیحی ہیں لیکن ہم کئی لحاظ سے مسیحی فرقوں سے الگ ہیں۔ مثال کے طور پر بہت سے مسیحی مانتے ہیں کہ یسوع مسیح خدا ہیں لیکن ہم یہ نہیں مانتے۔ پاک کلام میں لکھا ہے کہ صرف ایک ہی خدا ہے اور یسوع مسیح خدا نہیں بلکہ خدا کے بیٹے ہیں۔ (متی 16:16؛ مرقس 12:29) ہم یہ بھی نہیں مانتے کہ خدا اِنسانوں کو دوزخ میں تڑپاتا ہے یا اِنسان کی موت کے بعد کوئی شے اُس کے جسم سے نکل جاتی ہے اور کہیں اَور زندہ رہتی ہے۔ ہم مذہبی پیشواؤں کو دوسروں سے زیادہ عزت دینے کے لیے خاص القاب بھی نہیں دیتے۔—واعظ 9:5؛ متی 23:8-10۔