ہسپتال میں کام کرنے والوں کے لیے مدد
برِن یہوواہ کے ایک گواہ ہیں اور وہ امریکہ کی ریاست شمالی کیرولائنا میں رہتے ہیں۔ وہ یہوواہ کے گواہوں کی مقامی ہسپتال رابطہ کمیٹی کے رُکن ہیں۔ یہ کمیٹی اُن ہسپتالوں میں کام کرنے والے لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہے جہاں یہوواہ کے گواہوں کا علاج ہو رہا ہوتا ہے۔
کورونا کی وجہ سے بہت سے ہسپتالوں میں مریضوں کے رشتےداروں اور دوستوں کو اُن سے ملنے کی اِجازت نہیں تھی۔ اِس لیے برِن نے اپنے علاقے کے ایک ہسپتال میں اُس شخص سے رابطہ کِیا جو مریضوں اور اُن کے رشتےداروں کو خدا کے کلام سے تسلی دینے کا اِنتظام کرتا ہے۔
جب برِن نے اُس ہسپتال میں فون کِیا تو اُن کی بات اُس شخص کے سیکرٹری سے ہوئی۔ چونکہ وہاں مریضوں کے دوستوں اور رشتےداروں کو اندر آنے کی اِجازت نہیں تھی اِس لیے برِن نے اُس سیکرٹری سے پوچھا کہ کیا وہ برِن کا نمبر اُن یہوواہ کے گواہوں کو دے سکتا ہے جن کا وہاں علاج ہو رہا ہے۔ اُس سیکرٹری نے کہا کہ وہ ایسا کر دے گا۔
پھر برِن کے ذہن میں اُس ہسپتال میں کام کرنے والے لوگوں کا خیال آیا۔ اُنہوں نے اُس سیکرٹری سے کہا کہ وہ اِس بات کی بہت قدر کرتے ہیں کہ اُن کے ہسپتال میں کام کرنے والے لوگ اِتنی محنت سے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ وہ سب ٹھیک ہیں۔ پھر اُنہوں نے اُس سے کہا کہ اُنہوں نے پڑھا ہے کہ خاص طور پر ہسپتال میں کام کرنے والے لوگ کورونا کی وجہ سے کتنی پریشانی سے گزر رہے ہیں۔
اُس سیکرٹری نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہسپتالوں میں کام بہت بڑھ گیا ہے اور سبھی بہت پریشانی سے گزر رہے ہیں۔
برِن نے اُس سے کہا کہ ”ہماری ویب سائٹ پر ایسی بہت سی معلومات ہے جو پریشانی سے نمٹنے میں لوگوں کی مدد کر سکتی ہے۔ اگر آپ ہماری ویب سائٹ jw.org پر جائیں اور تلاش کے خانے میں ”پریشانی“ لکھیں تو آپ کو ایسے کئی مضمون ملیں گے جنہیں پڑھ کر آپ سب کو بہت تسلی ملے گی۔“
اُس سیکرٹری نے فوراً ہی ہماری ویب سائٹ کھولی اور تلاش کے خانے میں ”پریشانی“ لکھا۔ اُسے اِس موضوع پر بہت سے مضمون نظر آئے۔ اُس نے کہا: ”واہ! یہ تو بہت ہی زبردست ہے۔ مَیں یہ ویب سائٹ سر کو بھی دِکھاؤں گا۔ اِس سے ہمارے سٹاف اور دوسرے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ مَیں کچھ مضامین کو پرنٹ کر کے دوسروں کو بھی دوں گا۔“
کچھ ہفتے بعد برِن کی بات اُس سیکرٹری کے باس سے ہوئی۔ اُس نے اُنہیں بتایا کہ اُن لوگوں نے ہماری ویب سائٹ دیکھی ہے اور پریشانی اور اِس سے ملتے جلتے موضوعات پر تقریباً 10 مضامین پرنٹ کیے ہیں۔ اُنہوں نے یہ مضمون نرسوں، ڈاکٹروں اور ہسپتال میں کام کرنے والے دوسرے لوگوں کو دیے ہیں۔
برِن نے کہا کہ ”اُس شخص نے میرا شکریہ ادا کِیا کہ ہم اِتنا اچھا کام کر رہے ہیں اور اِتنے اچھے مضامین لکھتے ہیں۔ اُس نے یہ بھی کہا کہ یہ مضمون بہت فائدہ مند ہیں۔“