ایک فارم جس سے لاکھوں لوگوں کو کھانا ملتا ہے
چالیس سال پہلے 2 فروری 1973ء کو امریکہ کے شہر والکل میں ایک چھاپہ خانہ بنایا گیا تاکہ مینارِنگہبانی اور جاگو! رسالے چھاپے جا سکیں۔
اِس سے دس سال پہلے یعنی 1963ء میں یہوواہ کے گواہوں نے اِس شہر میں کچھ فارم خریدے تھے تاکہ نیو یارک میں اُن کے مرکزی دفتر میں کام کرنے والوں کے لیے کھانا فراہم کِیا جا سکے۔ لیکن اب اِس جگہ سے ایک اَور طرح کا کھانا فراہم کِیا جانے لگا یعنی روحانی کھانا جس کا یسوع مسیح نے ذکر کِیا تھا۔—متی 24:45-47۔
فلپ وِلکوکس اُس وقت چھاپہ خانے میں ہونے والے کام کی نگرانی کر رہے تھے۔ آج بھی اُنہیں وہ دن یاد ہے جب چھپائی کی مشینیں پہلی بار چلائی گئی تھیں۔ وہ کہتے ہیں: ”اِن تیز رفتار مشینوں کے پُرزے جوڑنے میں کوئی ایک مہینہ لگا تھا۔ اب یہ مشینیں تیار تھیں اور ہمیں بس یہ دیکھنا تھا کہ یہ صحیح طرح کام کر رہی ہیں یا نہیں۔ اِس لیے ہم نے اِن پر چند ہزار رسالے چھاپے۔ پھر ہم نے اِنہیں بروکلن میں اپنے چھاپہ خانے کو بھیجا تاکہ اِنہیں بھی کلیسیاؤں (یعنی جماعتوں) کو بھیجا جا سکے۔ دراصل ہم ایک بھی رسالہ ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے۔“
1970ء کے دہے کے اِبتدائی سالوں تک یہوواہ کے گواہوں کی کتابوں اور رسالوں کی مانگ اِتنی بڑھ چکی تھی کہ بروکلن میں اُن کے چھاپہ خانے کے لیے اِس مانگ کو پورا کرنا مشکل ہو گیا۔ لہٰذا وہاں پر چھپائی کی مشینیں دن کے ساتھ ساتھ رات کو بھی چلائی جانے لگیں۔ چونکہ مطبوعات کی مانگ بڑھتی جا رہی تھی اِس لیے والکل میں نیا چھاپہ خانہ بنانے کا فیصلہ کِیا گیا۔
جب والکل میں چھاپہ خانے کی پہلی عمارت پر کام مکمل ہوا تو اِس میں چھپائی کی چار مشینیں لگائی گئیں، رسالے بھیجنے کے لیے ایک مرکز بنایا گیا اور ایک عبادت گاہ بھی بنائی گئی۔ لیکن اِس سے پہلے کہ یہاں کام پوری طرح شروع ہوتا، اِس کے ساتھ ہی ایک اَور عمارت بنانی شروع کی گئی جو اِس سے بڑی تھی۔ کتابوں اور رسالوں کی مانگ اِتنی زیادہ تھی کہ دوسری عمارت کے مکمل ہونے سے پہلے ہی اِس میں چھپائی کی چھ اَور مشینیں لگائی گئیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چھپائی کی صنعت میں ترقی ہوئی اور یہوواہ کے گواہوں کی مطبوعات کی مانگ اَور بڑھ گئی۔ اِس لیے والکل کے چھاپہ خانے میں کئی بار توسیع کی گئی اور 1980ء کے دہے میں پُرانی مشینوں کی جگہ نئی تیز رفتار مشینیں لگائی گئیں۔
سن 2004ء میں بروکلن کے چھاپہ خانے کو بند کر دیا گیا اور پھر کتابیں بھی والکل کے چھاپہ خانے میں چھپنے لگیں۔ پھر 2010ء میں رسالوں کی چھپائی کا کام کینیڈا میں یہوواہ کے گواہوں کی برانچ کو دے دیا گیا۔ وہاں کے چھاپہ خانے میں ایک گھنٹے میں 2 لاکھ رسالے چھاپے جاتے ہیں۔
آج والکل کے چھاپہ خانے میں جدید خودکار مشینیں ہیں اور وہاں تقریباً 280 یہوواہ کے گواہ کام کرتے ہیں۔ پچھلے سال اِس چھاپہ خانے میں 1 کروڑ 70 لاکھ کتابیں اور بائبلیں چھاپی گئیں۔ برِاعظم شمالی امریکہ میں یہوواہ کے گواہوں کے چھاپہ خانے والکل، کینیڈا اور میکسیکو میں ہیں۔ لیکن اِن کے علاوہ اُن کے 12 اَور چھاپہ خانے ہیں جو برِاعظم آسٹریلیا، افریقہ، ایشیا، جنوبی امریکہ اور یورپ میں ہیں۔ اِن تمام چھاپہ خانوں کے ذریعے لاکھوں ایسے لوگوں کو روحانی کھانا ملتا ہے جن کو احساس ہے کہ اُنہیں خدا کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔—متی 5:3۔