10 لاکھ یہوواہ کے گواہوں کے لیے عبادت گاہیں
سن 1999ء سے لے کر 2015ء تک یہوواہ کے گواہوں نے وسطی امریکہ a اور میکسیکو میں اپنی 5000 سے زیادہ عبادت گاہیں تعمیر کیں۔ اِس خطے میں 10 لاکھ یہوواہ کے گواہوں اور اُن لوگوں کے لیے جو ہمارے اِجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں، مزید 700 عبادت گاہوں کی ضرورت ہے۔
ماضی میں اِس خطے میں کلیسیاؤں (جماعتوں) کے لیے عبادت گاہیں تعمیر کرنا بہت مشکل تھا۔ مثال کے طور پر میکسیکو میں زیادہ تر یہوواہ کے گواہ اپنے اِجلاس گھروں میں منعقد کرتے تھے۔ اِس کی کیا وجہ تھی؟ اِس کی ایک وجہ یہ تھی کہ کئی سالوں تک حکومتی قانون کے مطابق مذہبی تنظیمیں زمین جائیداد کی مالک نہیں ہو سکتی تھیں۔ لیکن 1990ء کے بعد اِس قانون میں تبدیلی کر دی گئی اور یہوواہ کے گواہوں نے بہت سی عبادت گاہیں تعمیر کرنا شروع کر دیں۔ پھر بھی ایک عبادت گاہ کو تعمیر کرنے میں کئی کئی مہینے لگ جاتے تھے۔
تعمیراتی کام میں تیزی
عبادت گاہوں کو تعمیر کرنے کے کام میں اُس وقت تیزی آ گئی جب 1999ء میں ہماری تعمیراتی ٹیموں نے غریب ملکوں میں ایک نئے اِنتظام کے تحت عبادت گاہیں تعمیر کرنا شروع کیں۔ اِن ملکوں میں میکسیکو اور وسطی امریکہ کے سات اَور ملک شامل تھے۔ 2010ء سے ہماری میکسیکو برانچ اِس خطے میں ہماری عبادت گاہوں کی تعمیر کے کام کی نگرانی کر رہی ہے۔
عام آبادی سے کٹے ہوئے دُوردراز علاقوں میں عبادت گاہیں تعمیر کرتے وقت تعمیراتی ٹیموں کو کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر ملک پانامہ میں ایک تعمیراتی سائٹ پر پہنچنے کے لیے ایک ٹیم کو کشتی میں تین گھنٹے کا سفر کرنا پڑا۔ میکسیکو کی ریاست چیاپاس میں ایک ٹیم کو ایک علاقے میں تعمیر کا سامان لے جانے کے لیے چھوٹا ہوائی جہاز اِستعمال کرنا پڑا۔
نئی عبادت گاہوں کے فائدے
جو لوگ یہوواہ کے گواہ نہیں ہیں، وہ بھی بڑی شدت سے اِس بات کا اِنتظار کرتے ہیں کہ اُن کے علاقے میں ہماری عبادت گاہ بنے۔ مثال کے طور پر ہنڈوراس میں رہنے والے ایک آدمی نے بتایا کہ اب جس جگہ یہوواہ کے گواہوں کی عبادت گاہ ہے پہلے وہاں کچھ لوگ نائٹ کلب بنانا چاہتے تھے۔ لیکن وہ اِس حق میں نہیں تھا۔ جب یہوواہ کے گواہوں نے اُسے بتایا کہ وہ اِس جگہ پر اپنی عبادتگاہ بنانے والے ہیں تو اُس نے بڑی خوشی سے کہا کہ ”اِس سے بڑی برکت اَور کیا ہو سکتی ہے!“
کئی جگہوں پر لوگ ہماری تعمیراتی ٹیموں کو بڑی لگن سے کام کرتے دیکھ کر بہت متاثر ہوتے ہیں۔ گواٹیمالا میں رہنے والے ایک شخص نے کہا: ”ہماری ثقافت میں عورتیں بس کھانا پکانے کا کام کرتی ہیں۔ لیکن یہاں تو عورتیں وہی کام کر رہی ہیں جو مرد کر رہے ہیں۔ مَیں یہ دیکھ کر بہت حیران ہوں کہ عورتیں لینٹر ڈال رہی ہیں اور دیواروں کو پلستر کر رہی ہیں۔ کیا بات ہے بھئی!“ آس پڑوس میں رہنے والے کچھ لوگوں نے تو ہماری تعمیراتی ٹیموں کو مشروبات اور کھانا بھی دیا۔
بہت سے لوگ ہماری عبادت گاہوں کے ڈیزائن دیکھ کر بڑے متاثر ہوتے ہیں۔ ملک نکاراگوا میں ایک انجینئر نے ایک شہر کے ناظم (میئر) کو بتایا کہ یہوواہ کے گواہوں کی مقامی عبادت گاہ بہت خوب صورت ہے اور اِس کی تعمیر میں بڑی اچھی کوالٹی کا سامان اِستعمال کِیا گیا ہے۔ اِس انجینئر کے مطابق اِس جیسی عمارت پورے شہر میں نہیں ہے۔
بےشک نئی عبادت گاہیں تعمیر ہونے پر یہوواہ کے گواہ خود بھی بہت خوش ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے دیکھا ہے کہ جب نئی عبادت گاہ تعمیر ہوتی ہے تو اِس بات کا اِمکان بڑھ جاتا ہے کہ بائبل کورس کرنے والے لوگ ہمارے اِجلاسوں پر آئیں۔ میکسیکو میں ایک کلیسیا (جماعت) کے ارکان نے عبادت گاہ کی تعمیر کے کام میں حصہ لیا۔ وہ کہتے ہیں: ”ہم اِس اعزاز کے لیے یہوواہ کے بہت شکرگزار ہیں کہ ہم نے اُس کے لیے ایک عبادت گاہ بنائی تاکہ اُس کے نام کی حمد اور بڑائی ہو۔“
a Merriam-Webster’s Collegiate Dictionary کے گیارویں ایڈیشن کے مطابق وسطی امریکہ میں گواٹیمالا، ایل سلواڈور، ہنڈوراس، نکاراگوا، کوسٹا ریکا، پانامہ اور بیلیز کی ریاستیں شامل ہیں۔